کراچی: سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے بھارت کی جانب سے حالیہ پہلگام واقعے پر پاکستان پر عائد کیے جانے والے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ کراچی میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ پاکستان دہشتگردی کی ہر شکل کی ہمیشہ کھل کر مذمت کرتا آیا ہے۔
راولپنڈی: بھارت کی ممکنہ جارحیت کے خلاف پاک فوج کی بڑی جنگی مشقیں جاری
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پاکستان نے اپنے ملک کے اندر دہشتگردی کے نیٹ ورکس کو کامیابی سے ختم کیا ہے جبکہ بھارت خود پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کرتا رہا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں 70 ہزار سے زائد شہریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو جیسی عظیم رہنما دہشتگردی کی نذر ہوئیں۔ اس جنگ میں پاکستانی عوام، خواہ وہ بچے ہوں، جوان یا بزرگ، سب نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ اس نے 9/11 کے بعد کے عالمی ماحول کو استعمال کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو دہشتگردی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔
وزیر اطلاعات نے بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر جاری ظلم و ستم کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیری رہنماؤں کو جھوٹے مقدمات میں قید کر رکھا ہے، نوجوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے، اور ان کی آواز کو بندوق کی نوک پر دبایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی پر بھی بھارت کو آڑے ہاتھوں لیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پہلگام واقعہ بھارت کی سیکیورٹی ایجنسیوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی آزاد، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ دنیا کے سامنے اصل حقائق آ سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مودی سرکار کے کسی سیاسی کھیل سے خوفزدہ نہیں ہے۔ کلبھوشن یادیو جیسے بھارتی جاسوس کی گرفتاری بھارت کے اصل چہرے کو بے نقاب کرتی ہے۔ اگر بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی، تو یہ اس کی سیاسی و عسکری خودکشی ہو گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور قوم اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
شرجیل انعام میمن نے بھارت کی جانب سے پاکستانی میڈیا ہاؤسز اور یوٹیوبرز پر پابندیاں لگانے کو بزدلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے، جبکہ بھارت اس وقت شدید خوف اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن اپنی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر سندھ طاس معاہدے کو چھیڑا گیا تو جیسا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا: "پانی نہیں بہے گا تو خون بہے گا۔”
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہم کمزور نہیں بلکہ امن کے خواہاں ہیں، لیکن امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔