پاکستان کے مایہ ناز باکسنگ چیمپیئن اور حال ہی میں ایس ایس یو کے برانڈ ایمبیسیڈر مقرر ہونے والے عثمان وزیر نے ایک بار پھر بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر دیا۔
بھارت کی جانب سے خطے میں کشیدگی، سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی مذمت کرتے ہیں: سعید غنی
تھائی لینڈ کے ورلڈ سیام اسٹیڈیم میں ہونے والے ویلٹر ویٹ مقابلے میں عثمان وزیر نے بھارتی باکسر ایسوران کو پہلے ہی راؤنڈ میں دو منٹ کے اندر ناک آؤٹ کر دیا، جس سے نہ صرف ان کی شاندار فارم کا تسلسل برقرار رہا بلکہ پاکستان کو ایک اور فخر کا لمحہ بھی میسر آیا۔
"ایشین بوائے” کے لقب سے دنیا بھر میں پہچانے جانے والے عثمان وزیر اب تک اپنے پروفیشنل کیریئر میں ناقابل شکست رہے ہیں۔ آج کی فتح ان کے شاندار کیریئر کا تسلسل ہے، جس میں وہ پہلے ہی 2024 کی ورلڈ یوتھ باکسنگ چیمپیئن شپ میں صرف 65 سیکنڈ میں ناک آؤٹ جیت چکے ہیں۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن، ڈاکٹر مقصود احمد نے عثمان وزیر کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ:
"عثمان نہ صرف ایک باکسنگ چیمپیئن ہیں بلکہ نظم و ضبط، استقامت اور حب الوطنی کی علامت بھی ہیں۔ بطور برانڈ ایمبیسیڈر وہ ہمارے نوجوانوں کے لیے ایک شاندار رول ماڈل ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ عثمان وزیر کی کامیابیاں ایس ایس یو کی جانب سے کھیلوں اور فزیکل فٹنس کے فروغ کے عزم کی غمازی کرتی ہیں۔ عثمان وزیر ایس ایس یو کی باکسنگ ٹیم کی تربیت میں بھی فعال کردار ادا کر رہے ہیں تاکہ ٹیم کو آئندہ قومی و بین الاقوامی مقابلوں کے لیے تیار کیا جا سکے۔
عثمان وزیر کی یہ کامیابی نہ صرف اسپورٹس کی دنیا میں ایک روشن باب ہے بلکہ پاکستان کے مثبت عالمی امیج کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔