کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ اور پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے مزدوروں اور محنت کشوں کی جماعت رہی ہے اور آج بھی اپنے منشور پر عمل پیرا ہے۔ بدھ کے روز انہوں نے پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی کی سربراہی میں کراچی ڈویژن کے وفد سے ملاقات میں ان خیالات کا اظہار کیا۔
میمن گوٹھ سچل میں کارروائی، گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ برآمد
اس موقع پر اسلم سموں، حسین بادشاہ، امین بلوچ، مداح حسین شاہ، احمد نواز، زاہد بلوچ، مولانا ابراہیم قادری سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ ملاقات میں سندھ بھر کے محکموں میں مزدوروں کو درپیش مسائل، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن میں متوقع ریفرنڈم، کے ایم سی، ٹی ایم سیز، سیسی، ورکرز ویلفیئر بورڈ، کے ڈی اے، کے پی ٹی، پاکستان اسٹیل ملز، اور پورٹ قاسم اتھارٹی سمیت دیگر اداروں میں مزدوروں کے حقوق پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
سعید غنی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پارٹی مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے بنائی تھی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی اسی نظریے پر عمل کر رہے ہیں۔
حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ پیپلز لیبر بیورو سندھ بھر میں محنت کشوں کی نمائندہ تنظیم بن چکی ہے اور تمام اداروں میں مزدوروں کے حقوق کے لیے پرعزم ہے۔
کراچی ڈویژن کے صدر اسلم سموں نے کہا کہ جیسے ہم نے پورٹ قاسم اور ڈاک لیبر بورڈ میں کامیابیاں حاصل کیں، ویسے ہی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پیپلز لیبر بیورو یکم مئی کو یوم مزدور کے موقع پر کراچی میں ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کرے گی۔