یونان میں ہیلی کاپٹر حادثہ نوبیاہتا برطانوی جوڑے سمیت 3 افراد ہلاک

سیفنوس جزیرے میں ٹیک آف کے فوراً بعد نجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا، حکام نے حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردیں۔

یونان میں ہیلی کاپٹر حادثہ پیش آیا ہے۔ سیفنوس جزیرے میں نجی ہیلی کاپٹر گرنے سے پائلٹ سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

مقامی حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر نے ٹیک آف کیا ہی تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ حادثے میں سوار تینوں افراد جانبر نہ ہوسکے۔

حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر میں پائلٹ کے ساتھ ایک نوبیاہتا جوڑا بھی سوار تھا۔ برطانوی جوڑا ہنی مون منانے کے لیے سیفنوس جزیرے آیا تھا۔

مقامی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر اڑان بھرنے کے فوراً بعد دھماکے سے آگ کی لپیٹ میں آگیا۔ حادثے کے بعد ملبے سے آگ کے شعلے اور دھواں بلند ہوتا دکھائی دیا۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں جزیرے کے پہاڑی علاقے میں حادثے کا مقام بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی سروسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ حکام کے مطابق 2 فائر فائٹرز اور ایک فائر انجن نے ابتدائی کارروائی میں حصہ لیا۔

بعد ازاں یونان کے ایک اور جزیرے سیروس سے امدادی ٹیم بھی سیفنوس روانہ کی گئی۔

حکام نے بتایا کہ حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!