کراچی (ڈسٹرکٹ سینٹرل): لیاقت آباد میں غیر قانونی زیر تعمیر 6 منزلہ عمارت کی دیوار گرنے کے واقعے کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) اور بلڈر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے SBCA کے ایک افسر سید صمد ولد سید محمود کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی آر نمبر 104/2025 کے مطابق، جن افراد کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے ان میں ڈائریکٹر ضلع وسطی جلیس صدیقی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر صمد، بلڈنگ انسپکٹر عامر، بلڈنگ انسپکٹر عباس اور بلڈر شمشیر شامل ہیں۔
متاثرہ شہری فرحان کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ لیاقت آباد میں غیر قانونی 6 منزلہ عمارت کی تعمیر کے دوران دیوار گرنے سے اس کے گھر کی دیوار کو نقصان پہنچا جبکہ حادثے میں کئی خواتین بھی زخمی ہوئیں۔
ترجمان ایس ایس پی ضلع سینٹرل، ذیشان شفیق صدیقی (PPM, PSP) کے مطابق، پولیس نے فرحان کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک SBCA افسر کو گرفتار کیا جبکہ باقی نامزد افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس قسم کی غیر قانونی تعمیرات نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہیں بلکہ انسانی جانوں کے لیے خطرہ بھی بنتی جا رہی ہیں، جن کے خلاف کارروائی کا عمل جاری رہے گا۔