امن مشق 2025 پاک بحریہ کے زیر انتظام منعقدہ کثیر الملکی بحری مشق امن اور امن ڈائیلاگ

تحریر : صدام یونس

2007 سے منعقد ہونے والی پاک بحریہ کی کثیر الملکی بحری مشق امن کے سلسلے کی نویں مشق امن 2025 کا انعقاد فروری 2025 کو کیا جا رہا ہے۔ 2007 کے بعد سے ان مشقوں میں حصہ لینے والے ممالک کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ کثیر الملکی بحری مشق امن میں اقوام عالم کی شرکت کا مسلسل اضافہ مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں کی جانے والی پاکستان نیوی کی کاوشوں پر عالمی برادری کے اعتماد اور بھروسے کا مظہر ہے۔ اس سال امن مشق کے نویں ایڈیشن کے ساتھ پہلے امن ڈائیلاگ کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔ مشق امن 2025 میں 50 سے زائد ممالک اپنے بحری جہاز ایئر کرافٹ، ہیلی کاپٹرز، سپیشل آپریشنز فورسز، دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے والی ٹیمیں اور میرینز کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بحری مبصرین بھی اس مشق میں شرکت کر رہے ہیں ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا آئی بی اے کراچی میں خصوصی نشست، طلباء و طالبات کی بھرپور شرکت

امن ڈائیلاگ کو منعقد کرنے کا مقصد اعلیٰ قیادت کو ایک پلیٹ فورم مہیا کرنا ہے جہاں وہ علاقائی سیکیورٹی کے حوالے سے اپنے خیالات کا تبادلہ کر سکیں اور سمندروں کے عصری چیلنجز کا جدت پسندی سے مقابلہ کریں۔ امن ڈائیلاگ بحری افواج، کوسٹ گارڈز اور دفاعی افواج کے سربراہان کو ایک جگہ جمع کرنے اور کثیر القومی اور بالمشافہ ملاقاتوں کا موقع فراہم کرے گا۔ امن ڈائیلاگ کے دوران موجودہ میری ٹائم چیلنجز اور بحری امور پر تبادلہ خیال اور غور فکر کیا جائے گا۔ نویں امن مشق اور امن ڈائیلاگ کو ترتیب دیتے ہوئے جن اُمور کو مد نظر رکھا گیا اُن میں اولاً پاکستان کی حیثیت کو بطور امن پسند ملک اجاگر کرنا جو کہ علاقائی امن وسلامتی کا خواہاں ہے، عالمی بحری افواج کے درمیان پاک بحریہ کی حیثیت کو مستحکم کرنا، علاقائی اور غیر علاقائی بحری افواج کے ساتھ تعلقات بڑھاتے ہوئے خطوں کے درمیان روابط پیدا کرنا، دہشت گردی اور سمندری جرائم کا ملکر مقابلہ کرنا۔

نویں امن مشق اور امن ڈائیلاگ پر مزید گفتگو سے پہلے ضروری ہے کہ بین الاقوامی مشقوں کے اس سلسلے کی تاریخ اور پس منظر پر کچھ بات کر لی جائے۔ امن، جس کو انگریزی میں "Peace” کہا جاتا ہے، اس بحری مشقوں کے سلسلے کا نام ہے جو "امن کے لئے متحد” (Together for Peace) کے نصب العین کے تحت پاکستان نیوی کے زیر انتظام ہر دو سال بعد با قاعدگی سے منعقد کی جاتی ہے۔ عالمی بحری امن کے قیام کے لئے پاکستان نیوی کے زیر انتظام کثیر الملکی بحری مشق امن کا انعقاد نہایت بر وقت اقدام ہے جس میں عالمی بحری افواج بھر پور شرکت کرتی ہیں۔ اس مشق کا مقصد ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو کر حربی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے تا کہ دہشت گردی، قزاقی اور منشیات کی غیر قانونی ترسیل، سمندری آلودگی اور سمندری تجارتی راستوں کی حفاظت جیسے مسائل پر قابو پا کر خطے میں امن و سلامتی کا ماحول قائم کیا جا سکے۔ اس مشق میں بحری سیکیورٹی اور انسانیت کی مدد بشمول مشکل میں گھرے افراد کی تلاش اور امداد کے آپریشنز پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ انہی چیلنجز کے مد نظر بدلتے حالات سے نمٹنے کے طریقہ کار مرتب کئے جاتے ہیں تا کہ اہم سمندری تنصیبات کی حفاظت کی جاسکے اور بحری تجارتی رہداریوں کو نقل حمل کے لئے محفوظ بنایا جا سکے۔

امن 2025 پاکستان اور دوسرے ممالک کے مابین نہ صرف باہمی روابط کو فروغ دینے بلکہ علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کی مثبت پوزیشن کو مزید واضح کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرے گی۔ اس کے علاوہ مختلف ممالک کی بحری افواج کو اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بڑھانے اور مشترکہ آپریشنز کرنے کی مہارتوں میں اضافے کے لئے مواقع میسر آئیں گے۔ امن مشقوں کی ایک اہم سرگرمی بین الاقوامی کا نفرنس برائے بحری اُمور ہے۔

پاکستان بحیثیت ایک ذمہ دار ریاست اور اپنے اہم جغرافیائی محل وقوع کے باعث اپنی بحری ذمہ داریوں سے نہ صرف بخوبی واقف ہے بلکہ اپنے خطے اور بیرون خطہ دیگر بحری افواج سے بھر پور تعاون کا خواہاں بھی ہے۔ پاکستان اس حقیقت سے بھی بخوبی واقف ہے کہ دور حاضر کے بحری خطرات سے کوئی بھی ملک تن تہا نہیں نمٹ سکتا۔ لہذا عالمی بحری افواج کا متحد ہونا نہایت ضروری ہے جو تب ہی ممکن ہو سکتا ہے جب زمانہ امن میں بحری افواج دو طرفہ اور کثیر الملکی مشقوں کے ذریعے نہ صرف آپس میں باہمی تعاون کے قیام کے ذریعے اتحاد کی فضا قائم کریں بلکہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بھی اضافہ کریں۔ نویں امن مشق 2025 اور امن ڈائیلاگ کے ذریعے پاک بحریہ کو ایک مرتبہ پھر یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ وہ بطور سفیر پاکستان برائے امن، دنیا بھر میں نہ صرف امن وسلامتی کا پیغام پھیلائے بلکہ مثبت انداز میں پاکستان کا وقار مزید بلند کرے۔

55 / 100

One thought on “امن مشق 2025 پاک بحریہ کے زیر انتظام منعقدہ کثیر الملکی بحری مشق امن اور امن ڈائیلاگ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!