گوجرانوالہ، 18 دسمبر (تشکر نیوز): جامعہ مرکز مصطفٰی، جامعہ العلوم نقشبندی، اور جامعہ مدینتہ العلم کے طلباء و اساتذہ نے گوجرانوالہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل سید امداد حسین شاہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔
نشست کے دوران کور کمانڈر نے پاکستان کی ترقی میں نوجوانوں کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ "دینی مدارس کے طلباء کو دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری مضامین کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دینی چاہیے، تاکہ وہ ملکی ترقی میں مزید مؤثر کردار ادا کرسکیں۔”
اس موقع پر طلباء اور اساتذہ کے سوالات کے جوابات بھی دیے گئے، جس سے شرکاء نے اطمینان کا اظہار کیا۔ نشست کے بعد شرکاء نے کور ہیڈ کوارٹر میں موجود "اسوہ حسنہ گیلری” اور عسکری سازو سامان کے اسٹالز کا دورہ کیا، جہاں جدید ہتھیاروں اور عسکری صلاحیتوں کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔
اساتذہ اور طلباء نے پاک فوج کی جانب سے اس دورے کے انعقاد پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس تجربے کو معلوماتی اور یادگار قرار دیا۔