اسلام آباد، 27 نومبر 2024: پاک بحریہ کے جہاز ذوالفقار اور کورین نیوی کے جہاز وانگ جیون (WANG GEON) نے بحیرہ عرب میں مشترکہ بحری مشق کا کامیاب انعقاد کیا۔ دونوں جہاز کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) کے تحت بالترتیب کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 اور 151 میں خدمات انجام دے رہے تھے۔
چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین کا جی ایچ کیو کا دورہ
مشق میں آپریشنل حکمت عملی، رابطہ کاری اور مواصلاتی تربیت شامل تھی جس کا مقصد مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو بڑھانا اور دونوں بحری افواج کے درمیان پیشہ ورانہ تعلقات کو فروغ دینا تھا۔ کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 اور 151 غیر قانونی سمندری سرگرمیوں جیسے منشیات کی اسمگلنگ اور قزاقی کے خلاف میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز انجام دیتی ہیں۔
یہ مشق بحری افواج کی جانب سے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے تعاون اور استحکام کے فروغ کے عزم کی واضح عکاس ہے۔ پاکستان اور جمہوریہ کوریا کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے تحت مستقل بحری اور فضائی اثاثے تعینات کرکے سمندری تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جو باہمی افہام و تفہیم اور آپریشنل ہم آہنگی کو مزید مضبوط کرتا ہے۔