چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین، جنرل ژانگ یو ژیا، نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، جنرل ژانگ یو ژیا نے جی ایچ کیو پہنچنے پر یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاکستانی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد پاک فوج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
جنرل ژانگ کی ملاقات چیف آف آرمی اسٹاف، جنرل سید عاصم منیر سے ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے وفود بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی، استحکام کے اقدامات اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاک چین تعلقات کی پائیداری اور مضبوط شراکت داری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر قائم ہیں۔ جنرل ژانگ یو ژیا نے پاکستان کی اسٹریٹجک شراکت داری کے عزم کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ چینی سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین نے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔