الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران کا چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد کا اظہار

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

ابھی تک کے تمام فیصلے باہمی مشاورت سے ہوئے‘ تمام اضلاع کی سیٹوں کا کوٹہ الیکشن کمیشن نے باہمی رضا مندی اور قانونی تقاضوں سے طے کیا۔ ای سی پی کی پریس ریلیز

اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چاروں ممبران نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ پر اعتماد کا اظہار کردیا۔ ای سی پی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق الیکشن کمیشن تمام فیصلے باہمی مشاورت اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مشترکہ طور پر کرتا ہے، الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران نے چیف الیکشن کمشنر پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا ہے، ارکان نے باور کروایا ہے کہ ابھی تک کے تمام فیصلے باہمی مشاورت سے ہوئے ہیں۔ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع کی سیٹوں کا کوٹہ بھی الیکشن کمیشن نے باہمی رضا مندی اور قانونی تقاضوں سے طے کیا، حلقہ بندی کمیٹیوں نے ابتدائی حلقہ بندی کی اور پھر اعتراضات داخل ہونے کے بعد کمیشن نے ان پر فیصلے کیے، ضلع حافظ آباد کے بارے میں اعتراضات کا فیصلہ بھی 5 ممبر بینچ نے مکمل ہم آہنگی سے کیا۔

بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024ء میں تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت سے کہا ہے کہ چیف سیکرٹریز، ڈی سیز اور ڈی پی اوز کو ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا جائے۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن عملے کی چھٹیوں اور سرکاری ملازمین کی ٹرانسفر پوسٹنگ پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹوں کے اندراج، اخراج، تبدیلی اور درستی پر پابندی کے ساتھ ساتھ اپنے ادارے کے افسران و ملازمین اور آر اوز کی چھٹیوں پر بھی پابندی عائد کر دی، الیکشن کمیشن ذرائع نے کہا ہے کہ صوبوں اور وفاق میں سرکاری ملازمین کے ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، عام انتخابات 2024ء کا شیڈول جاری کرنے کے بعد الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں پوسٹنگ اور ٹرانسفر پر مکمل پابندی عائد کی ہے، جس کےتحت حکومتی و سرکاری اداروں میں ہر قسم کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر مکمل پابندی ہوگی، تاہم کسی بھی ایمرجنسی ٹرانسفر یا پوسٹنگ کیلئے معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا جائے گا جس کے ساتھ پوسٹنگ اور ٹرانسفر کی وجوہات بھی بتانا ہوں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!