کراچی انتظامیہ نے سرکاری زمینوں پر قبضوں اور تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت انسداد تجاوزات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈائریکٹر انسداد تجاوزات فورس نے شرکت کی۔
ماہانہ آپریشنل شیڈول اور ضلعی کمیٹیاں
اجلاس میں شہر بھر سے تجاوزات ختم کرنے کے لیے ماہانہ آپریشنل شیڈول مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کمشنر کراچی کی نگرانی میں مرکزی سطح پر آپریشنز کی مانیٹرنگ ہوگی۔ ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں انسداد تجاوزات کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔
کمشنر کراچی کے مطابق ضلعی کمیٹیاں تجاوزات کی نشاندہی اور کارروائیوں کی ترجیحات طے کریں گی۔
انسداد تجاوزات فورس، پولیس اور متعلقہ ادارے مشترکہ کارروائیاں کریں گے۔
واگزار کرائی گئی زمینوں کا ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت
کمشنر کراچی نے واگزار کرائی گئی سرکاری زمینوں پر دوبارہ قبضے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔
اجلاس میں گزشتہ پانچ سے دس سال کے دوران واگزار کرائی گئی زمینوں کا ریکارڈ مرتب کرنے کا فیصلہ بھی ہوا۔
سرکاری زمینوں اور عوامی مقامات کی نشاندہی کے لیے جامع ڈیٹا بیس اور نقشہ تیار کیا جائے گا۔
مختلف اضلاع میں سرکاری اراضی واگزار
کمشنر کراچی کے مطابق مختلف اضلاع میں سرکاری اور رفاہی اراضی پر قبضے ختم کرائے گئے ہیں۔
ضلع ملیر: مجموعی طور پر 198 ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی۔
ضلع شرقی: 53 ایکڑ سرکاری و رفاہی اراضی واگزار کرائی گئی۔
ضلع غربی: 37 ایکڑ اور 1600 مربع گز سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی۔
ضلع کورنگی: 0.27 ایکڑ سرکاری اراضی سے ناجائز قبضہ ختم کرایا گیا۔
غیر قانونی دکانیں مسمار، 13 مقدمات درج
کمشنر کراچی کے مطابق کورنگی میں غوث پارک روڈ پر غیر قانونی دکانوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اس دوران تجاوزات مسمار کردی گئیں۔
قبضہ مافیا کے خلاف مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 13 مقدمات بھی درج کیے گئے۔
کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو واگزار کرائی گئی زمینوں کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔