تشکر نیوز: نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے حضرت علی بن عثمان ہجویری کے 981 ویں عرس کی تقریبات کے آغاز کے موقع پر مدینہ طرز کی آٹومیٹک الیکٹرک چھتریوں کے منصوبے کا افتتاح کیا ہے، جو مسجد سے غلام گردش تک نصب کی جائیں گی اور خودکار طور پر کھلیں گی۔ ڈار نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ اگلے عرس سے قبل مکمل ہو جائے گا۔
پنجاب حکومت نے کچے کے ڈاکوؤں کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کردی
اس موقع پر اسحاق ڈار نے سبیل دودھ کا بھی افتتاح کیا اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان ایک گلدستے کی مانند ہے جو وفاق، چاروں صوبوں، کشمیر اور گلگت بلتستان پر مشتمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کلمے کی بنیاد پر قائم ہوا اور تاقیامت برقرار رہے گا۔
انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا سہرا میاں نواز شریف کو دیتے ہوئے کہا کہ اگر سیاسی عدم استحکام نہ آتا تو آج پاکستان معاشی قوت بن چکا ہوتا اور دنیا کی 24 ویں بڑی معیشتوں میں شامل ہوتا۔ ڈار نے موجودہ معاشی مسائل کے حل کے لیے دن رات کوششوں کا عزم ظاہر کیا۔
انہوں نے پنجاب حکومت کے ریلیف اقدامات کی حمایت کی اور کہا کہ ملک کی سلامتی اور اداروں پر حملے ہماری ریڈ لائن ہیں، جنہیں عبور کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔