کراچی: ایڈمنسٹریشن سوسائٹی میں عمارت گرنے سے اموات 6 ہوگئیں، 13 افراد لاپتہ

کراچی کی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی میں زیرِ تعمیر عمارت گرنے کے سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔ ملبے سے مزید دو لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ 13 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری ہے۔ امدادی ٹیمیں تین مختلف مقامات پر کارروائیاں کر رہی ہیں۔

مزید دو لاشوں کی شناخت

ریسکیو حکام نے ایک لاش کی شناخت عابد علی کے نام سے کی ہے۔ قانونی کارروائی کے لیے لاش جناح اسپتال منتقل کردی گئی۔

دوسری لاش کی ابتدائی طور پر شناخت نہیں ہوسکی تھی۔ بعد ازاں متوفی کی شناخت علی حسن کے نام سے ہوئی۔ وہ ظفر گڑھ کا رہائشی تھا۔

علی حسن کی لاش بھی جناح اسپتال منتقل کردی گئی۔

48 گھنٹوں سے ریسکیو آپریشن جاری

چنیسر ٹاؤن کی کراچی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی میں چھ منزلہ زیرِ تعمیر عمارت منہدم ہوئی تھی۔ حادثے کے بعد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

امدادی ٹیمیں گزشتہ 48 گھنٹوں سے ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش کر رہی ہیں۔ حکام کو مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

ریسکیو ٹیموں کو ملبے میں ایک اور محنت کش کی لاش کی موجودگی کا بھی پتا چلا ہے۔ اسے نکالنے کے لیے بھاری مشینری روک دی گئی ہے۔

اہلکار احتیاط سے ملبہ ہٹا رہے ہیں تاکہ لاش کو بحفاظت نکالا جاسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!