جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے آن لائن جوئے اور سٹے کے مقدمے میں گرفتار پانچ ملزمان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر این سی سی آئی اے کے حوالے کردیا۔
عدالت میں پیشی کے دوران این سی سی آئی اے حکام نے انکشاف کیا کہ آن لائن جوئے اور سٹے کے نیٹ ورک کا مجموعی حجم ایک کھرب روپے تک پہنچ سکتا ہے۔
حکام کے مطابق ملزمان کو شہر کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں 8.1 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز کا سراغ ملا ہے۔
73 لاکھ روپے نقد برآمد، ایک ارب سے زائد رقم منجمد
این سی سی آئی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ کارروائی کے دوران ایک بیگ سے 73 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے۔
گرفتار دو ملزمان کے بینک اکاؤنٹس میں موجود ایک ارب روپے سے زائد رقم بھی منجمد کردی گئی ہے۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی شکایت پر کی گئی۔ مقدمے میں مجموعی طور پر 40 ملزمان نامزد ہیں۔
ان میں 32 کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران بھی شامل ہیں۔
عدالت نے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا
این سی سی آئی اے کے تفتیشی افسر نے عدالت سے ملزمان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ طلب کیا۔
تفتیشی حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ نیٹ ورک میں شامل دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کرنا ہے۔
عدالت نے استدعا پر تمام پانچ ملزمان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر این سی سی آئی اے کے حوالے کردیا۔