جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے طلبہ یونینز کے فوری انتخابات کے لیے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ طلبہ یونینز جمہوری معاشرے کی بنیادی نرسری ہیں۔ یہ طلبہ و طالبات کی مؤثر نمائندگی اور مستقبل کی قومی قیادت کی تیاری میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
قرارداد کے متن کے مطابق طلبہ یونینز طلبہ کا آئینی اور جمہوری حق ہیں۔ ایوان نے سندھ میں طلبہ یونینز کی بحالی کے حکومتی اقدام کا خیرمقدم بھی کیا ہے۔
انتخابات نہ ہونے پر تشویش
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ طلبہ یونینز کی بحالی کے باوجود صوبے کی کسی سرکاری یا نجی جامعہ اور کالج میں باقاعدہ انتخابات نہیں ہوئے۔
متن کے مطابق صرف قانونی اور انتظامی سطح پر بحالی کا اعلان کافی نہیں۔ طلبہ کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا عملی حق بھی ملنا چاہیے۔
قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ طلبہ یونینز کی اصل روح آزادانہ، شفاف اور باقاعدہ انتخابات میں ہے۔
حکومت سندھ سے انتخابات کی تاریخیں مقرر کرنے کا مطالبہ
قرارداد کے ذریعے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام سرکاری و نجی جامعات، کالجز اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں انتخابات کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ طلبہ یونینز کے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا جائے۔ اس کے ساتھ صوبے بھر میں انتخابی عمل شروع کرنے کو بھی یقینی بنایا جائے۔