...

سندھ کی جغرافیائی وحدت پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، تمام ڈویژنل میئرز کا اعلان

سندھ کے ڈویژنل میئرز نے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کے بیان پر ردعمل دیا ہے۔

جمعے کو کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میئرز نے کہا کہ سندھ کی جغرافیائی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام آئین کے آرٹیکل 239(4) کے تحت ہی ممکن ہے۔ آرٹیکل 140 اے کا نئے صوبوں کے قیام سے تعلق نہیں۔ ان کے مطابق ریفرنڈم کی بات آئین سے انحراف ہے۔

میئرز نے سندھ کی ثقافت کا مذاق اڑانے اور لسانی سیاست پر معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا۔

پریس کانفرنس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ، میئر حیدرآباد کاشف شورو، میئر لاڑکانہ انور لوہر، میئر نوابشاہ قاضی رشید بھٹی اور میئر میرپورخاص عبدالرؤف غوری شریک ہوئے۔

مرتضیٰ وہاب: نفرت معاشرے کے لیے نقصان دہ ہے

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نفرت کسی بھی معاشرے کے لیے سب سے زیادہ نقصان دہ ہے۔ پیپلز پارٹی لوگوں کو جوڑنے کی بات کرتی ہے۔

ان کے مطابق سندھ کے چھ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے میئرز آج محبت اور اتحاد کا پیغام دے رہے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ کی تاریخ پانچ ہزار سال پرانی ہے۔ کراچی کی تاریخ 1947 سے شروع نہیں ہوتی۔ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ بھی اسی شہر میں مدفون ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ماضی میں لسانی سیاست کو فروغ دیا گیا۔ 1970 کی دہائی میں شہر پورے خطے کا ہیرا تھا۔ تاہم 1980 کی دہائی میں نفرت کی سیاست نے لوگوں کے دل توڑے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ان کی نسل نے شہر کا اچھا وقت نہیں دیکھا۔ سیاسی کارکنوں، صحافیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں سے امن قائم ہوا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو دوبارہ 1980 اور 1990 کی دہائی جیسے حالات کی طرف نہیں جانے دیں گے۔

ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی کی پریس کانفرنس میں مصطفیٰ کمال موجود نہیں تھے۔ ان کے مطابق جماعت کے اندر اختلافات ہیں اور ایسے حالات میں سندھ کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے دعوے مناسب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے تحت ریاستی اختیارات منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال ہوتے ہیں۔ 1973 کے آئین میں صوبوں کی حدود تبدیل کرنے کا طریقہ واضح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی صوبے بنانے کا یکطرفہ فیصلہ نہیں کرسکتی۔ انہوں نے خالد مقبول صدیقی کے مؤقف کو غیر آئینی قرار دیا۔

ارسلان شیخ: سندھ کی تقسیم کا خواب چھوڑ دیں

میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ یہ پریس کانفرنس خالد مقبول صدیقی کے بیانات کے جواب میں کی گئی ہے۔ ان کے مطابق خالد مقبول نے حقائق کے برعکس گفتگو کی۔

ارسلان شیخ نے کہا کہ تمام میئرز عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے نام میں لفظ متحدہ کے استعمال پر بھی تنقید کی۔

انہوں نے جماعت کے اندر اختلافات اور ماضی کے انتخابی بائیکاٹ کا حوالہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ طویل پریس کانفرنس میں معیشت کے مسائل پر بات نہیں کی گئی۔

ارسلان شیخ نے ایم کیو ایم پر ماضی میں تشدد اور خونریزی کے الزامات بھی عائد کیے۔ انہوں نے 12 مئی 2007 کے واقعات، طاہر پلازہ میں وکلا کی ہلاکت اور نوجوانوں کی مبینہ تربیت کے معاملات کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ قائداعظم کا صوبہ ہے۔ 1947 میں سندھ نے مہاجرین کی میزبانی کی۔ یہ پانچ ہزار سال پرانی تہذیب اور صوفی بزرگوں کی دھرتی ہے۔

ارسلان شیخ نے سندھ کی ثقافت کو افریقی جنگلات سے تشبیہ دینے سے متعلق بیان پر معافی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے الفاظ واپس لیے جائیں اور سندھ کے عوام کو نہ اکسایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام میئرز سندھ کی تقسیم کے خلاف متحد ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہی رویہ برقرار رہا تو آئندہ پریس کانفرنس سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کے ساتھ نائن زیرو پر کی جائے گی۔

آرٹیکل 140 اے کی تشریح پر اعتراض

ارسلان شیخ نے کہا کہ آرٹیکل 140 اے بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے سے متعلق ہے، نئے صوبوں کے قیام سے نہیں۔

ان کے مطابق آرٹیکل 140 اے کی غلط تشریح کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر آرٹیکل 199 کے تحت درخواست دائر کریں گے۔

انہوں نے خالد مقبول صدیقی کے خلاف پٹیشن دائر کرنے کا اعلان بھی کیا۔

کاشف شورو: نفرت کی سیاست مزید برداشت نہیں ہوگی

میئر حیدرآباد کاشف شورو نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ماضی میں عوام کے درمیان نفرت کا بیج بویا۔ ان کے مطابق اس سیاست کے اثرات کئی دہائیوں تک رہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام باشعور ہیں اور سیاسی جماعتوں کی کارکردگی سے واقف ہیں۔ حیدرآباد میں مختلف طبقات امن اور محبت سے رہتے ہیں۔

کاشف شورو نے ایم کیو ایم سے کہا کہ وہ نفرت کی سیاست کے بجائے اپنی کارکردگی دکھائے۔ ان کے مطابق جماعت ماضی میں مختلف ادوار میں حکومت کا حصہ رہی ہے۔

انور لوہر: لاڑکانہ میں ایم کیو ایم کا کونسلر بھی نہیں

میئر لاڑکانہ انور لوہر نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی نے لاڑکانہ کے حوالے سے بھی بات کی، لیکن وہاں ایم کیو ایم کا ایک کونسلر بھی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سندھ ہی نہیں، پورے پاکستان کی بات کرتے ہیں۔

انور لوہر کے مطابق خالد مقبول کے بیانات سے کراچی اور سندھ کے عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے۔ ان کے بقول ایسے بیانات سے پاکستان مخالف عناصر کو تقویت ملنے کا تاثر پیدا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس کا مقصد یہ دکھانا بھی ہے کہ سندھ کے شہری علاقوں کے منتخب نمائندے پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔

عبدالرؤف غوری: میرپورخاص کے عوام نے مسترد کیا

میئر میرپورخاص عبدالرؤف غوری نے کہا کہ میرپورخاص کے عوام نے انتخابات میں خالد مقبول صدیقی کی جماعت کو مسترد کیا۔

انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری کے نعرے ’پاکستان کھپے‘ کا حوالہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں خالد مقبول صدیقی کو میرپورخاص سے امیدوار بھی نہیں ملے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.