اپر کرم میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک مسلح افغان شہری کو گرفتار کرلیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار شخص کی شناخت قاری وقاص عرف قدوس کے نام سے ہوئی ہے۔ اس کا تعلق افغانستان کے علاقے اسپین غر سے بتایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص افغانستان سے دراندازی کرنے والی ایک مسلح تشکیل کا حصہ تھا۔ وہ سرحد عبور کرنے کی کوشش میں ناکام رہا۔
دورانِ تفتیش اہم انکشاف
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قاری وقاص نے دورانِ تفتیش پاکستان میں داخل ہونے کا اعتراف کیا۔ اس نے بتایا کہ وہ کاظم گروپ میں شمولیت کے لیے پاکستان آیا تھا۔
تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے ایک سب مشین گن، چار میگزین اور 88 گولیاں برآمد ہوئیں۔
بم بنانے کی تکنیک سے متعلق نوٹ بک برآمد
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار شخص کے قبضے سے ایک نوٹ بک بھی ملی ہے۔ اس میں مختلف مقامات اور بم بنانے کی تکنیک سے متعلق نوٹس درج ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی نوٹ بک کی بنیاد پر مزید تفتیش جاری ہے۔