ضلع وسطی کی انویسٹی گیشن پولیس تین بڑے جرائم کے مقدمات میں تاحال کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں کرسکی۔ کینیڈا سے آنے والے بزرگ میاں بیوی کا قتل، سافٹ ویئر انجینئر صبیح صدیقی کی ہلاکت اور ایدھی سینٹر میں 65 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے ملزمان پولیس کی گرفت سے باہر ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تینوں واقعات میں متاثرہ خاندان انصاف کے منتظر ہیں۔ پولیس تاحال ملزمان کا سراغ لگانے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔
کینیڈا پلٹ بزرگ جوڑے کا دوہرا قتل
سرسید تھانے کی حدود نارتھ کراچی سیکٹر الیون سی ون میں بی اماں پارک کے سامنے گھر سے بزرگ میاں بیوی کی لاشیں ملی تھیں۔
14 اکتوبر کو 70 سالہ یامین اور ان کی 65 سالہ اہلیہ نفیس اختر کی خون میں لت پت لاشیں گھر کے گراؤنڈ فلور سے برآمد ہوئیں۔ لاشوں کے معائنے میں دونوں کے سروں پر چوٹوں کے نشانات پائے گئے تھے۔
مقتولین کینیڈا سے اپنا مکان فروخت کرنے کراچی آئے تھے۔ وہ گھر میں مرمت اور تزئین و آرائش کا کام بھی کروا رہے تھے۔
دہرے قتل کے بعد پولیس نے گھر میں کام کرنے والے افراد سمیت دیگر لوگوں کو طلب کیا۔ ان کے بیانات بھی قلمبند کیے گئے۔
سرسید پولیس نے مقتول یامین کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا۔ بعد ازاں مقدمہ انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
تاہم واردات کو 20 روز گزرنے کے باوجود پولیس کوئی ٹھوس ثبوت حاصل نہیں کرسکی۔
سافٹ ویئر انجینئر صبیح صدیقی کے قاتل بھی گرفتار نہ ہوسکے
ضلع وسطی کی انویسٹی گیشن پولیس سافٹ ویئر انجینئر صبیح صدیقی کے قتل کا معمہ بھی حل نہیں کرسکی۔
2 اکتوبر کو نارتھ کراچی سیکٹر الیون بی میں فائرنگ سے صبیح صدیقی گردن پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئے تھے۔ وہ خود گاڑی چلا کر نجی اسپتال پہنچے، تاہم جانبر نہ ہوسکے۔
مقتول نارتھ کراچی میں ایک نجی بینک سے 7 لاکھ روپے نکلوا کر جا رہے تھے۔ سلیم سینٹر کے قریب مین روڈ پر یوٹرن لیتے ہوئے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے مقتول کی گاڑی سے نائن ایم ایم پستول، 17 گولیاں، 7 لاکھ روپے نقدی، موبائل فون اور دیگر سامان برآمد کیا تھا۔
سرسید پولیس نے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا۔ تاہم انویسٹی گیشن پولیس تاحال قاتلوں کا سراغ نہیں لگا سکی۔
ایدھی سینٹر میں 65 لاکھ روپے کی ڈکیتی
ضلع وسطی کی انویسٹی گیشن پولیس سہراب گوٹھ ایدھی سینٹر میں ہونے والی بڑی ڈکیتی کے ملزمان کو بھی گرفتار نہیں کرسکی۔
7 اگست کو جمعے کی سہ پہر چار ڈاکو سمن آباد تھانے کی حدود میں واقع ایدھی سینٹر میں داخل ہوئے۔ انہوں نے عملے کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا اور 65 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
یہ رقم ملازمین کی تنخواہوں کے لیے بینک سے لائی گئی تھی۔
واردات کا نوٹس وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بھی لیا تھا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے 31 اگست کو وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھا۔ انہوں نے پولیس تفتیش، ڈاکوؤں کی گرفتاری اور لوٹی گئی رقم کی برآمدگی کے لیے اقدامات کی درخواست کی تھی۔
تاہم تقریباً تین ماہ گزرنے کے باوجود پولیس ڈکیتی میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔
You have brought up a very excellent details , appreciate it for the post.