صحافیوں کا تحفظ ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صحافیوں کو دھمکیوں، تشدد، ہراسانی اور قتل جیسے سنگین جرائم سے محفوظ رکھنا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایسے جرائم میں ملوث افراد کو سزا سے بچنے دینا عوام کے حقِ آگاہی کو خاموش کرنے کے مترادف ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صحافی عوام تک حقائق پہنچاتے، طاقت کے ایوانوں کا احتساب کرتے اور معاشرے میں شعور و آگاہی پیدا کرتے ہیں۔

ان کے مطابق صحافیوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کا قانون کی گرفت سے بچ نکلنا آزادیٔ صحافت، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

آزادیٔ اظہار آئینی حق ہے، بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ 1973 کا متفقہ آئین ہر شہری کو آزادیٔ اظہار کا بنیادی حق دیتا ہے۔ اس حق کا تحفظ جمہوری ریاست کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے دورِ حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آمر ضیاء الحق کے دور میں آزادیٔ صحافت دبانے والے سیاہ قوانین ختم کیے تھے۔

بلاول بھٹو کے مطابق یہ قوانین پریس کی آزادی محدود کرنے اور اس کی آواز خاموش کرنے کے لیے استعمال ہوتے رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا یہ تاریخی اقدام جمہوریت میں اختلافِ رائے اور آزاد صحافت کی اہمیت کا اظہار تھا۔

صحافیوں کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رہے گی

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزادیٔ صحافت، آزادیٔ اظہار اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آزاد صحافت کے بغیر نہ جمہوریت مضبوط ہوسکتی ہے اور نہ ہی عوام باخبر اور بااختیار بن سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!