پاکستان تحریک انصاف کا وفاق اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

پاکستان تحریک انصاف نے وفاق اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کرلیا۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف اور قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں  کی ملاقات ہوئی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پرقومی وطن پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی، چاہتے ہیں ملک میں ہم آہنگی اورمفاہمت ہو۔

انہوں نے کہا کہ فارم 45 ثبوت ہیں ہمارے امیدوارجیتے ہیں مگر فارم 47 میں نتائج تبدیل کیےگئے، مولانا فضل الرحمان، جماعت اسلامی نے بھی احتجاج کا اعلان کیا ہے،ہرپانچ سال بعد الیکشن ہوتے ہیں اورمتنازع ہوجاتے ہیں، انتخابات کا مقصد فوت ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ہم بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر سیاسی جماعتوں سے رابطے کررہے ہیں اور ان کی ہدایت پر مرکز اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ عام انتخابات میں 92 پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

دوسری جانب مرکز میں ن لیگ، پی پی، ایم کیو ایم اور دیگر نے مل کر حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔

قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) 79، پیپلزپارٹی 54، متحدہ قومی موومنٹ 17، مسلم لیگ (ق) 3، استحکام پاکستان پارٹی 2 اور بلوچستان عوامی پارٹی نے ایک نشست حاصل کی ہے۔

یوں اس اتحاد کو مجموعی طور پر 156 ارکان کی حمایت حاصل ہے اور مخصوص نشستیں ملنے کے بعد حکومت بنانے کیلئے 172 کا ہندسہ بآسانی عبور کرجائے گا۔

اس کے علاوہ پنجاب میں بھی مسلم لیگ (ن) نے حکومت سازی کیلئے 186 کا ہندسہ پورا کرنے کا دعویٰ کردیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!