...

کراچی میں ہنڈی حوالہ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی، 61 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد، 2 ملزمان گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے ہنڈی حوالہ کے مبینہ غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کارروائیوں کے دوران 61 لاکھ 50 ہزار روپے نقد اور تین موبائل فون برآمد کیے گئے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائیاں 20 اور 21 اکتوبر کو ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون اور ڈپٹی ڈائریکٹر کارپوریٹ کرائم سرکل کی ہدایات پر کی گئیں۔

میٹروپول سگنل کے قریب پہلی کارروائی

ایف آئی اے ٹیم نے پہلی کارروائی میٹروپول سگنل کے قریب کی۔ اس دوران روح اللہ ولد مسعود کو گرفتار کرکے 61 لاکھ 50 ہزار روپے نقد اور ایک موبائل فون برآمد کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں ملزم کے مبینہ طور پر دبئی سے درہم وصول کرنے اور پاکستان میں مختلف افراد کو بلیک مارکیٹ ریٹ پر پاکستانی روپے فراہم کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے موبائل فون سے واٹس ایپ پیغامات بھی ملے ہیں، جن میں مبینہ غیر قانونی لین دین سے متعلق شواہد موجود ہیں۔

جمشید روڈ پر دوسری کارروائی

ترجمان کے مطابق دوسری کارروائی جمشید روڈ پر مکہ آرکیڈ میں واقع عدنان آٹوز، دکان نمبر 04 میں کی گئی۔ اس دوران محمد ندیم میمن ولد محمد اقبال کو گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی اے نے ملزم کے قبضے سے دو موبائل فون برآمد کیے۔ ترجمان کے مطابق ان فونز میں ہنڈی حوالہ سے متعلق مبینہ ڈیجیٹل شواہد موجود ہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم جاپان میں گاڑیوں کی خریداری کے لیے دبئی کے ذریعے ادائیگیوں کا انتظام کرتا تھا۔ پاکستان میں متعلقہ رقوم مبینہ طور پر غیر رسمی ذرائع سے ادا کی جاتی تھیں۔

ڈیجیٹل شواہد کی جانچ جاری

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ برآمد شدہ موبائل فونز سے حاصل ہونے والے ڈیجیٹل شواہد کی مزید جانچ جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.