...

شاہ لطیف ٹاؤن میں موبائل چور گینگ گرفتار، 310 موبائل فون برآمد

کراچی: ضلع ملیر کی شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے موبائل فون چھیننے اور چوری کرنے والے مبینہ منظم گینگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق کارروائی ٹیکنیکل بنیادوں اور خفیہ اطلاع پر کی گئی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت لیاقت علی ولد مہر علی، محمد علی عرف عادی ولد عابد اور محبوب عرف رومیو ولد مشتاق کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق ملزمان اسلحے کے زور پر شہریوں سے موبائل فون چھیننے، چھپٹا مارنے اور جیب کاٹنے کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

تین شفٹوں میں وارداتیں

پولیس کے مطابق ملزمان منظم گینگ کی صورت میں تین شفٹوں میں وارداتیں کرتے تھے۔

ملزمان مسافروں کو سواری کے بہانے رکشے میں بٹھاتے اور ویران مقامات پر لے جاکر اسلحے کے زور پر موبائل فون، نقدی اور دیگر قیمتی سامان چھین لیتے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان مہران ہائی وے اور اطراف کے علاقوں میں موبائل فون چھیننے اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔

310 موبائل فون برآمد

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان چوری اور چھینے گئے موبائل فونز کے IMEI تبدیل کرنے میں مہارت رکھتے تھے۔

ملزمان یہ موبائل فون منظم طریقے سے بیرون شہر اور بیرون ملک منتقل کرتے تھے۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے 310 موبائل فونز برآمد کرلیے۔

شاہ لطیف ٹاؤن تھانے میں ملزمان کے خلاف مختلف مقدمات درج ہیں، جن میں مقدمہ نمبر 1969/26، 1970/26، 1974/26، 1975/26، 1976/26، 1977/2026 اور 1978/20 شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق مقدمات میں دفعہ 392، 397، 34، 413، 23-1(A)، 353، 337-H(i) اور 337-H(ii) سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔

مزید ساتھیوں کی تلاش

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران گینگ کے دیگر مبینہ ساتھیوں کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔

ان میں مزمل، صدام، دانیال پٹھان، رافع پٹھان، زوار گوپانگ اور امیر گوپانگ شامل ہیں۔

پولیس نے دیگر مبینہ ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں شروع کردی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید وارداتوں اور گینگ کے مبینہ نیٹ ورک سے متعلق تفتیش جاری ہے۔ ان کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.