کراچی: منشیات کیس میں نامزد ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کے لیے عدالت نے تاریخ مقرر کر دی ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں گزری تھانے میں درج مقدمات کی سماعت کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا۔
عدالت نے منشیات کے چھ مقدمات میں چالان اور گواہوں کے بیانات کی نقول ملزمہ کو فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے، جس پر جیل حکام نے عدالتی ہدایات کے مطابق دستاویزات ملزمہ تک پہنچائیں۔
عدالت نے انمول عرف پنکی کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کے لیے آئندہ سماعت مقرر کر دی، جبکہ مقدمات کی مزید کارروائی دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی گئی۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کے خلاف 2020، 2021 اور 2022 میں منشیات سے متعلق مقدمات درج کیے گئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان مقدمات میں ملزمہ مفرور تھی، تاہم گارڈن تھانے کے ایک مقدمے میں گرفتاری کے بعد اسے دیگر مقدمات میں بھی گرفتار کیا گیا۔