بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 14 دہشت گرد ہلاک، ایک اہلکار شہید

اسلام آباد/کوئٹہ: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع بیسمہ کے علاقے نال میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کے دوران 14 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ کارروائی کے دوران ایک فوجی جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد بھارتی حمایت یافتہ گروہ "فتنہ الہندوستان” سے وابستہ تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد مبینہ طور پر پولیس اسٹیشنوں اور بینکوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے منصوبے کو ناکام بنایا اور علاقے میں ان کی نقل و حرکت کو مؤثر انداز میں محدود کر دیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال چار گاڑیاں اور دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) بھی تباہ کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران وطن کے بہادر سپوت لانس حوالدار محمد عباس شہید ہوگئے۔ فوجی ترجمان نے شہید اہلکار کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات اور بہادری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!