کراچی (08 مئی 2026):- میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت محکمہ انجینئرنگ کا ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر کے ترقیاتی منصوبوں، سڑکوں کی بہتری اور بیوٹیفکیشن اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
سندھ پولیس اور سیکیورٹی ایجنسیز کے درمیان تعاون کے فروغ پر اتفاق، مشترکہ کمیٹی قائم
اجلاس میں میونسپل کمشنر ابرار جعفر، مشیرِ مالیات گلزار ابڑو، ڈی جی ٹیکنیکل سروسز طارق مغل اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف جاری اسکیموں پر بریفنگ دی گئی جبکہ مستقبل کے منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ڈی جی ٹیکنیکل سروسز کی جانب سے میئر کراچی کو شہر میں جاری ترقیاتی اسکیموں اور ان کی پیش رفت سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔
اجلاس کے دوران میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں ہر روڈ اسکیم کے ساتھ بیوٹیفکیشن کا کام لازمی کیا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کو صرف مکمل ہی نہیں بلکہ خوبصورت بھی بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام منصوبے 30 جون کی ڈیڈ لائن کے اندر ہر صورت مکمل کیے جائیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ اس سال مون سون اور بارشوں کے زیادہ امکانات ہیں، اس لیے شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بڑی اور اہم شاہراہوں پر کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے کیونکہ بلدیہ عظمیٰ کے پاس فنڈز موجود ہیں اور تمام توجہ ترقیاتی کاموں پر مرکوز ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چھٹی کے دن بھی ترقیاتی کام جاری رکھے جائیں تاکہ منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو اب عملی کام نظر آ رہا ہے اور ان منصوبوں کو مزید بہتر، جدید اور خوبصورت بنایا جائے گا۔
میئر کراچی نے کہا کہ ان کی توجہ صرف ترقیاتی کاموں تک محدود نہیں بلکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ بھی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ گرین سڑکوں پر گرین بیلٹس قائم کی جائیں تاکہ کراچی کے ماحول کو بہتر اور خوشگوار بنایا جا سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر میں جاری تمام منصوبوں کو مؤثر حکمت عملی کے تحت مکمل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
