سندھ پولیس اور سیکیورٹی ایجنسیز کے درمیان تعاون کے فروغ پر اتفاق، مشترکہ کمیٹی قائم

کراچی (08 مئی 2026):- سندھ پولیس اور آل پاکستان سیکیورٹی ایجنسیز ایسوسی ایشن کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے، سیکیورٹی نظام کو بہتر کرنے اور نجی سیکیورٹی گارڈز کی پیشہ ورانہ تربیت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، کراچی میں سونا چاندی اسمگلنگ اور ری پروسیسنگ نیٹ ورک بے نقاب

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو سے آل پاکستان سیکیورٹی ایجنسیز ایسوسی ایشن کے چار رکنی وفد نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین میجر (ر) منیر احمد نے کی۔ ملاقات میں ڈی آئی جیز ہیڈکوارٹرز، ٹریننگ، اے آئی جیز آپریشن و ایڈمن بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سیکیورٹی چیلنجز، اسلحے کی نمائش، نجی سیکیورٹی گارڈز کی تعیناتی، تربیت اور ان کی کارکردگی میں بہتری جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اسلحے کی غیر ضروری نمائش کی حوصلہ شکنی کی جائے اور نجی سیکیورٹی گارڈز کو جدید خطوط پر تربیت فراہم کرکے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ انفرادی سیکیورٹی کی بڑھتی ہوئی ضرورت اور اس کے مؤثر حصول میں نجی سیکیورٹی اداروں کے کردار کو ناگزیر قرار دیا گیا۔

آل پاکستان سیکیورٹی ایجنسیز ایسوسی ایشن کے صدر میجر (ر) منیر احمد نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نجی سیکیورٹی اداروں میں بھرتی کے دوران مکمل اسکروٹنی کا عمل اپنایا جاتا ہے اور کسی بھی کریمنل ریکارڈ کے حامل فرد کو بھرتی نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امیدواروں کے کوائف کی مکمل تصدیق کے بعد ہی انہیں تعینات کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس اور سیکیورٹی ایجنسیز کے درمیان پہلے سے ہی مضبوط اور مؤثر روابط موجود ہیں، جنہیں مزید مستحکم بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اہم تنصیبات اور حساس مقامات کے تحفظ کے لیے نجی سیکیورٹی گارڈز کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں، اس لیے ان کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے اس موقع پر کہا کہ انفرادی سیکیورٹی کے حصول سے متعلق عوام میں آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا بنیادی کام آپریشنل اور تفتیشی امور کو مزید مؤثر بنانا ہے جبکہ نجی سیکیورٹی ادارے اس شعبے میں معاون کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سیکیورٹی ایجنسیز اپنے گارڈز کی تربیت کے لیے باقاعدہ ٹریننگ انسٹیٹیوٹس اور مراکز قائم کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھرتی سے قبل ویری فکیشن، تربیت اور ڈسپلن پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہریوں کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔

آئی جی سندھ نے یہ بھی کہا کہ پولیس اور نجی سیکیورٹی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور معلومات کے بروقت تبادلے سے جرائم کی روک تھام میں نمایاں مدد مل سکتی ہے۔

ملاقات کے اختتام پر سندھ پولیس اور نجی سیکیورٹی ایجنسیز کے درمیان باقاعدہ مشترکہ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کا مقصد باہمی روابط کو فروغ دینا اور مشترکہ سیکیورٹی حکمت عملی کو مزید مؤثر اور عملی شکل دینا ہے۔

ترجمان آئی جی سندھ سید سعد علی کے مطابق یہ اقدامات صوبے میں سیکیورٹی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوام کے تحفظ کو مزید یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

WhatsApp Image 2026 05 08 at 6.35.35 PM WhatsApp Image 2026 05 08 at 6.35.36 PM WhatsApp Image 2026 05 08 at 6.35.36 PM 1 1

One thought on “سندھ پولیس اور سیکیورٹی ایجنسیز کے درمیان تعاون کے فروغ پر اتفاق، مشترکہ کمیٹی قائم

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!