کراچی کے علاقے لیاقت آباد نمبر 5 میں خاتون پر تیزاب گردی کے واقعے کا مقدمہ پولیس نے 48 گھنٹوں میں حل کرلیا۔ پولیس نے خاتون پر تیزاب پھینکنے والے مرکزی ملزم بلال اور اس کے شوہر اویس کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق 28 سالہ ارج عمر پر لیاقت آباد نمبر 5 میں تیزاب پھینکا گیا تھا، جس کے بعد اسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار مرکزی ملزم بلال رکشا ڈرائیور اور لیاقت آباد کا رہائشی ہے۔ دورانِ تفتیش ملزم نے واقعے سے متعلق اہم انکشافات کیے۔
پولیس کے مطابق خاتون کے شوہر اویس نے مبینہ طور پر تیزاب گردی کے لیے بلال کو رقم دی۔ ابتدائی تفتیش میں گھریلو ناچاقی اور شوہر کے شک کو واقعے کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور تکنیکی ذرائع کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔ کارروائی کے دوران خاتون کے شوہر اویس کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
تیزاب گردی کا مقدمہ لیاقت آباد تھانے میں درج ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے میں استعمال ہونے والے شواہد اور دونوں ملزمان کے کردار کی مزید تفتیش جاری ہے۔
