کراچی (6 مئی 2026، پ ر): عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی ناردرن بائی پاس پر قائم "عوام دوست مویشی منڈی” اپنی بھرپور رونقوں کے ساتھ عروج پر پہنچ گئی ہے، جہاں قربانی کے جانوروں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 25 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق منڈی کو قائم ہوئے 32 روز مکمل ہو چکے ہیں اور اس دوران ملک بھر کے مختلف علاقوں بشمول کراچی، سبی، کشمیر، خیبرپختونخوا اور پہاڑی علاقوں سے خوبصورت اور صحت مند قربانی کے جانور مسلسل لائے جا رہے ہیں، جس کے باعث تمام بڑے بلاکس مکمل طور پر بھر چکے ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی نے بتایا کہ منڈی کے مختلف سیکٹرز جیسے کراچی بلاک، سبی بلاک، سفائر بلاک، کشمیر بلاک، کے پی کے بلاک، گولڈن بلاک اور پہاڑی بلاک میں جانوروں کی بھرپور آمد کے بعد انٹری کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب زیادہ تر خریداروں کا رجحان "جنرل بلاک” کی طرف ہے جہاں متوسط طبقے کے شہری دن رات سستے اور مناسب جانور تلاش کر رہے ہیں۔ اس دوران یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی بڑی تعداد بھی منڈی کی سرگرمیوں کو کور کر رہی ہے، جس سے منڈی کی رونقیں مزید بڑھ گئی ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق بیوپاریوں کی سہولت کے لیے جنرل بلاک میں بجلی اور پانی کی مکمل مفت فراہمی یقینی بنائی گئی ہے، جبکہ دیگر تمام بلاکس میں 24 گھنٹے پانی کی دستیابی برقرار رکھی گئی ہے۔ جدید جنریٹرز کے ذریعے بجلی کے تسلسل کو یقینی بنایا گیا ہے، جس کے باعث شام ڈھلتے ہی پورا میلہ روشنیوں سے جگمگا اٹھتا ہے۔
منڈی کا "پاکستان چوک” اس وقت مرکزی کشش کا مرکز بنا ہوا ہے جہاں قائم فوڈ اسٹالز اور ہوٹلوں پر رات گئے تک شہریوں کا رش رہتا ہے، اور فضا مختلف لذیذ کھانوں کی خوشبو سے معطر رہتی ہے۔
پارکنگ ایریا کے ٹھیکیدار عدنان عتیق کے مطابق ہر آنے والے شہری کو انٹری گیٹ پر خوش آمدید کہا جا رہا ہے اور پارکنگ کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ نے مزید کہا کہ منڈی کے اندر اور اطراف میں سکیورٹی کے سخت اور جدید انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ شہری محفوظ ماحول میں خرید و فروخت کے عمل کو مکمل کر سکیں۔

