لاہور میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کا اچانک دورہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں اور انتظامی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
کراچی: پی آر سی سی لائن کی مرمت مکمل، متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی بحال
دورے کے دوران سنٹر میں شدید رش، طویل انتظار اور اے سی بند ہونے کی شکایات سامنے آئیں، جس پر وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے موقع پر موجود شہریوں سے شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کے اجرا کے عمل سے متعلق براہِ راست معلومات حاصل کیں اور مختلف کاؤنٹرز پر جا کر عوام سے ان کے مسائل بھی سنے۔
محسن نقوی نے واضح ہدایت دی کہ نادرا سنٹر میں رش کو بہتر انداز میں منظم کیا جائے اور شہریوں کو تیز رفتار اور معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت کے اداروں میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس سے قبل بھی نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کا دورہ کر چکے ہیں اور اس وقت صورتحال بہتر تھی، تاہم آج شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والا فیڈبیک تسلی بخش نہیں تھا۔
وزیرِ داخلہ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو فوری بہتری کے اقدامات کرنے اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کو تیز اور مؤثر خدمات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
