کراچی میں اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (SIU) / سی آئی اے نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گٹکا اور ماوا کی تیاری میں ملوث ایک منظم گروہ کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ کارروائی کے دوران رشید آباد، سائٹ-بی، ضلع کیماڑی میں قائم ایک خفیہ فیکٹری پر چھاپہ مار کر 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
کراچی: موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی، لیاری ایکسپریس وے سے چوری شدہ گاڑی برآمد
ترجمان کے مطابق یہ خفیہ فیکٹری ایک گتے کی فیکٹری کی پہلی منزل پر چلائی جا رہی تھی، جہاں غیر قانونی طور پر گٹکا اور ماوا تیار کر کے شہر بھر میں سپلائی کیا جاتا تھا۔
گرفتار ملزمان میں وقار ولد ساون، سکندر ولد محمد اشرف، عادل ولد احسان، دلبر ولد نور محمد، سلیم ولد محمد جمن کھوسو، مقبول ولد غلام رسول کورائی، سید علی رضا ولد محمود شاہ، غلام مصطفیٰ ولد منظور حسین اور عبدالغفور ولد عرس کورائی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ایک ملزم یاسر ولد عبدالمجید موقع سے فرار ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں غیر قانونی مواد اور مشینری برآمد کی گئی، جن میں 1 الیکٹرک مکسچر مشین، 4 الیکٹرک پیکنگ مشینیں اور 1 ڈیجیٹل کانٹا شامل ہے۔
برآمد ہونے والے تیار مال میں تقریباً 200 کلو گٹکا/ماوا (14 بورے)، 16 بڑے شاپنگ بیگ اور 4 ٹب تیار ماوا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 46 بورے میٹھی چھالیہ (تقریباً 900 کلو) اور 2 بورے کتری چھالیہ (تقریباً 24 کلو) بھی برآمد کی گئی۔
مزید برآمدگی میں 174 کلو پلاسٹک ریپرز، 69 پلاسٹک پیکنگ رولز، 2 کارٹن پلاسٹک ٹیپ، 26 کلو مینتھول، 28 بوتلیں خوشبو اور دیگر سامان شامل ہے جو تیاری میں استعمال کیا جا رہا تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان یہ غیر قانونی فیکٹری چلا کر گٹکا اور ماوا تیار کرتے اور شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر سپلائی کرتے تھے۔
تمام گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ایس آئی یو میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ایس ایس پی ایس آئی یو ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے کہا ہے کہ عوام کی صحت کے تحفظ اور منشیات کے خاتمے کے لیے ایسی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔
