کراچی میں بڑھتی ہوئی گرمی کی شدت اور ممکنہ ہیٹ ویو کے خدشے کے پیشِ نظر کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر شہر بھر میں ہیٹ کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔
کراچی: ایس آئی یو / سی آئی اے کی بڑی کارروائی، گٹکا و ماوا فیکٹری پر چھاپہ، 9 ملزمان گرفتار
کمشنر کراچی کے مطابق یہ ہیٹ کیمپس شہر کے تمام سات اضلاع میں فعال کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو فوری اور مؤثر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ہر سب ڈویژن میں کم از کم تین جبکہ ہر ضلع میں تقریباً پندرہ ہیٹ کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کیمپس میں شہریوں کے لیے بنیادی طبی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں، جبکہ گرمی سے بچاؤ کے لیے ٹھنڈے پانی، سایہ دار جگہوں اور پنکھوں کا مناسب انتظام کیا گیا ہے۔
سید حسن نقوی کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شہریوں کو شدید گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھنے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے کیے گئے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے کیمپس پر عملہ بھی تعینات کیا گیا ہے جو متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کر رہا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

