ڈاکٹر اسامہ سے پانچ گھنٹے سے زائد پوچھ گچھ، جبران ناصر کا سابق پولیس افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
میر رضا کیس میں پہلے پوسٹ مارٹم کرنے والے میڈیکولیگل افسر ڈاکٹر اسامہ سے تفتیش شروع ہوگئی ہے۔ تفتیشی ٹیم نے ان سے پانچ گھنٹے سے زائد پوچھ گچھ کی۔
ذرائع کے مطابق ٹیم نے پہلے پوسٹ مارٹم سے متعلق سوالات کیے۔ تفتیش میں رپورٹ کے شکوک اور تضادات پر بھی بات ہوئی۔
تفتیشی حکام نے ڈاکٹر اسامہ کو مزید معاونت کی ہدایت کی ہے۔ انہیں آئندہ تفتیش میں بھی شامل کیا جائے گا۔
دوسری جانب میر رضا کے وکیل جبران ناصر نے وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھا ہے۔ انہوں نے سابق تفتیشی ٹیم کے افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
خط میں افسران کو حساس عہدوں سے ہٹانے کی درخواست کی گئی ہے۔ جبران ناصر نے انہیں تحقیقات مکمل ہونے تک معطل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
وکیل کے مطابق نئی ٹیم کے باوجود تفتیش خودکشی کے سابق مؤقف کے گرد گھوم رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سابق ٹیم کی مبینہ کوتاہیوں کی تحقیقات ہونی چاہییں۔
خط میں تفتیشی ریکارڈ میں مبینہ بے ضابطگیوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ جبران ناصر نے ان کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس ایس پی ایس آئی یو کے خلاف تحقیقات مانگی ہیں۔ ایس ایس پی ایسٹ سمیت دیگر متعلقہ افسران کا بھی جائزہ لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
جبران ناصر نے وزیراعلیٰ سندھ سے کیس کی نگرانی کی درخواست بھی کی ہے۔