نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ساؤتھ زون کراچی نے ایک مؤثر اور فوری کارروائی کرتے ہوئے چوری شدہ گاڑی برآمد کر لی۔ یہ کارروائی 2 مئی 2026 کو کی گئی جسے قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
کراچی: نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس کا جواء و سٹہ مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 25 ملزمان گرفتار
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ڈیفنس فیز 8 سے چوری ہونے والی گاڑی کو ٹریکر سسٹم کی مدد سے لیاری ایکسپریس وے پر ٹریس کیا گیا، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔
کارروائی کے دوران پولیس کو دیکھ کر ملزم چلتی گاڑی سے چھلانگ لگا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، تاہم موٹروے پولیس اہلکار نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر ڈرائیور چلتی گاڑی کو محفوظ طریقے سے روک لیا اور بڑے نقصان سے بچا لیا۔
ترجمان کے مطابق گاڑی کو بعد ازاں قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اصل مالکان کے حوالے کر دیا گیا۔ اس موقع پر گاڑی کے مالکان نے موٹروے پولیس کی بروقت اور کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے ادارے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ڈی آئی جی موٹروے پولیس جاوید اکبر ریاض نے بھی اس مؤثر کارروائی پر متعلقہ افسران کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ بروقت ردعمل اور پیشہ ورانہ مہارت ہی فورس کی اصل پہچان ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق شہریوں کی گاڑیوں کی حفاظت اور جرائم کی روک تھام کے لیے ٹریکر سسٹم اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
