معرکۂ حق کی مناسبت سے مزارِ اقبال پر پروقار تقریب، مفکرِ پاکستان کو شاندار خراجِ عقیدت

معرکۂ حق کی کامیابی کی مناسبت سے مزارِ اقبال لاہور میں ایک پروقار اور روح پرور تقریب منعقد کی گئی، جس میں مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب میں طلباء و طالبات، اساتذہ، ماہرینِ تعلیم اور مختلف جامعات کے وائس چانسلرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ، خصوصی نغمہ ’’ہم چھائے طوفانوں آندھیوں کی طرح‘‘ جاری

تقریب کے دوران مزارِ اقبال پر طلباء و طالبات نے حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھا کر اپنے جذباتِ عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے علامہ اقبالؒ کا مشہور کلام ’’لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری‘‘ پیش کر کے سماں باندھ دیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طلباء نے بھی کلامِ اقبال پیش کر کے محفل کو گرما دیا، جبکہ میمونہ ساجد نے ’’ہر لحظہ ہے مومن کی نئی شان نئی آن‘‘ پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔

تقریب میں ملک کی نامور جامعات کے وائس چانسلرز اور ماہرینِ تعلیم نے خصوصی شرکت کی، جن میں وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹر شاہد منیر، پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل کالج ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پرنسپل کنیرڈ کالج فار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر ارم، پرو ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر اعجاز اللہ چیمہ، ڈین پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر بسیرا امبرین، ڈین لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر ریحانہ، ڈین گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ڈاکٹر شہزاد حسین اور وائس چانسلر سپیریئر یونیورسٹی ڈاکٹر محمد نظام سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔

مقررین نے اپنے خطابات میں علامہ اقبالؒ کے فلسفۂ خودی اور دو قومی نظریے کو اجاگر کرتے ہوئے معرکۂ حق کی کامیابی کو اقبالؒ کے خوابوں کی تعبیر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقبالؒ کا پیغام آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے اور قومی ترقی و خودی کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔

شرکاء نے افواجِ پاکستان کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی یکجہتی، نظریۂ پاکستان اور حب الوطنی کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کروائی گئی، جس میں تمام شرکاء نے ملک کی خوشحالی اور امن کے لیے اجتماعی دعائیں کیں۔

One thought on “معرکۂ حق کی مناسبت سے مزارِ اقبال پر پروقار تقریب، مفکرِ پاکستان کو شاندار خراجِ عقیدت

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!