کراچی کے ڈسٹرکٹ ویسٹ میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران گزشتہ ایک ہفتے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کی زیرقیادت کی جانے والی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 154 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
معرکۂ حق کی مناسبت سے مزارِ اقبال پر پروقار تقریب، مفکرِ پاکستان کو شاندار خراجِ عقیدت
پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں 27 اسٹریٹ کرمنلز، 16 منشیات فروش، 62 گٹکا/ماوا فروش سمیت دیگر مختلف جرائم میں ملوث افراد شامل ہیں۔ یہ گرفتاریاں ڈسٹرکٹ ویسٹ کے مختلف تھانوں کی حدود میں مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی کے تحت عمل میں لائی گئیں۔
ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان 6 مختلف مقابلے بھی ہوئے، جن میں 8 ملزمان زخمی حالت میں جبکہ 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور غیر قانونی اشیاء بھی برآمد کیں، جن میں 15 مختلف اقسام کی پستولیں بمعہ ایمونیشن، 27 کرسٹال، 215 گرام آئس، 50 گرام چرس، 1351 پیکٹ غیر ملکی گٹکا، 200 ڈنڈے غیر ملکی سگریٹ، 1900 لیٹر ڈیزل، 621 کلو چھالیہ اور 5065 پڑیاں گٹکا/ماوا (تقریباً 337 کلو) شامل ہیں۔
اس کے علاوہ پولیس نے 26 موبائل فونز، 7 موٹر سائیکلیں، 14 گاڑیاں اور نقدی رقم بھی تحویل میں لے لی ہے۔
ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ انہیں مزید تفتیش کے لیے تحقیقاتی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے کڑی نگرانی برقرار رکھی جائے گی۔
