سانیا (نمائندہ خصوصی) — صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے دورۂ چین کے دوران اہم سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں، جہاں انہوں نے صوبہ ہائینان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
سانیا میں ہونے والی اس ملاقات میں ہائینان کے پارٹی سیکرٹری فینگ فئی اور صوبائی گورنر لیو شیاومنگ نے صدرِ مملکت کا پرتپاک استقبال کیا اور اعلیٰ سطحی ضیافت کا اہتمام بھی کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے اقتصادی تعاون، تجارتی روابط کی توسیع اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ علاقائی و عالمی امور پر بھی بات چیت ہوئی، جس میں امن، استحکام، مکالمے اور تعاون کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین سدابہار اور تزویراتی شراکت دار ہیں، اور چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات کی جڑیں عوام میں پیوست ہیں اور یہ تعلق تین نسلوں پر محیط ہے، جس کی تاریخ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید سے لے کر بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری تک پھیلی ہوئی ہے۔
انہوں نے رواں سال پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
صدرِ مملکت نے ہائینان صوبے کو عالمی تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں سیاحت، ہائی ٹیک صنعت، زراعت، بندرگاہوں کی ترقی، سیڈ ٹیکنالوجی اور ماہی گیری کے شعبوں میں وسیع تعاون کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستانی برآمدی صنعتی شعبوں اور ہائینان کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط بڑھانے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری برادری کے درمیان روابط دوطرفہ تجارت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
صدرِ مملکت نے سانیا میں چھٹے ایشیائی بیچ گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کو بھی خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ کھیلوں کے ذریعے عوامی روابط کو مزید تقویت ملتی ہے۔
ملاقات میں ہائینان کے پارٹی سیکرٹری فینگ فئی نے عالمی تجارت اور سرمایہ کاری میں ہائینان کی فری ٹریڈ پورٹ کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا اور صدرِ مملکت کے وفد کو خوش آمدید کہا۔
