کراچی کے علاقے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں پولیس مقابلے کے دوران دو مبینہ اسٹریٹ کرمنلز زخمی ہوگئے، جنہیں پولیس نے گرفتار کرکے اسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے پستول، موٹر سائیکل اور نقد رقم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے مطابق 28 اکتوبر 2026 کو نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تھانے کی پولیس نے سیکٹر 6-B کے قریب قبرستان کے نزدیک مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے رکنے کے بجائے اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں مشتبہ ملزمان زخمی ہوگئے، جنہیں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کی شناخت نعمان ولد اعجاز اور عبید ولد محمد یاسین کے نام سے کی ہے۔ ان کے قبضے سے ایک 30 بور پستول، بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل اور نقد رقم برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

