لاہور: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر قیادت کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے واسا لاہور ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جس کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان باہمی تجربات کا تبادلہ اور شہری خدمات کی بہتری کے لیے تعاون کو فروغ دینا تھا۔
وفد میں چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی، چیف آپریٹنگ آفیسر اسداللہ خان، چیف فنانشل آفیسر عمار علی خان، چیف کمرشل آفیسر حارث سرفراز اور چیف اسٹریٹیجی آفیسر صادق یونس شامل تھے۔ وفد کا صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین، چیئرمین پنجاب واسا چوہدری شیر علی خان، وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران وفد کو واسا لاہور کے پانی کی فراہمی، سیوریج سسٹم، ریونیو کلیکشن اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ وفد کو واسا کے مختلف فیلڈ آپریشنز کا دورہ بھی کرایا جائے گا۔
بریفنگ میں ڈرینج سسٹم، ڈسپوزل اسٹیشنز اور مون سون سیزن کی تیاریوں کے حوالے سے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔ حکام کے مطابق یہ دورہ شہری خدمات کے شعبے میں جدید اصلاحات اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
