کراچی: ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے اورنگی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے غیر ملکی گٹکا اور سگریٹ کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزم اپنی کار کے ذریعے غیر ملکی گٹکا، ماوا اور سگریٹ اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس نے علی گڑھ مارکیٹ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد اکرم ولد عنایت اللہ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی گاڑی سے 9 بورے غیر ملکی گٹکا ماوا (عذاب و سفینہ)، 200 ڈنڈے مختلف غیر ملکی سگریٹ اور 2 بورے غیر ملکی نسوار برآمد ہوئی۔ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی قبضہ پولیس میں لے لی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔
