کراچی: ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کی زیر صدارت شہر میں ون وے ٹریفک کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر بھر کے متعلقہ ٹریفک افسران نے شرکت کی۔
آئی جی سندھ کا سائٹ ایسوسی ایشن کا دورہ، تاجروں کا امن و امان پر اطمینان
اجلاس میں ڈی ایس پی صاحبان کے علاوہ ایس اوز عبداللہ ہارون روڈ، فریئر، گزری، راشد منہاس روڈ، گلزار ہجری، گلبرگ، سلطان آباد، عزیز بھٹی، شاہراہ فیصل اور نارتھ ناظم آباد نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ون وے ٹریفک کی خلاف ورزیوں کی مؤثر روک تھام کے لیے موجودہ صورتحال، درپیش چیلنجز اور عملی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں ون وے قوانین کی خلاف ورزیوں پر قابو پانے کے لیے ایک خصوصی پیرا فورس تشکیل دی جائے گی، جو ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ اس فورس کو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کا اختیار بھی دیا جائے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے اجلاس میں واضح کیا کہ ون وے کی خلاف ورزی نہ صرف ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ بنتی ہے بلکہ حادثات کا باعث بھی بنتی ہے، لہٰذا اس کے مکمل خاتمے کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بڑھائی جائے اور ساتھ ہی خلاف ورزیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔
