آئی جی سندھ کا سائٹ ایسوسی ایشن کا دورہ، تاجروں کا امن و امان پر اطمینان

کراچی (22 اپریل 2026): انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صنعتکاروں اور تاجروں سے امن و امان، ٹریفک مسائل اور صنعتی سرگرمیوں سے متعلق امور پر تفصیلی ملاقات اور تبادلہ خیال کیا۔

ڈی سی وسطی کا امتحانی مراکز کا دورہ، نقل کے خلاف سختی

ملاقات میں سائٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران جن میں پریزیڈنٹ عبد الرحمن فدا، امن و امان کمیٹی ممبر عبدالہادی، پیٹرن ان چیف زبیر موتیوالا، سابق صدر جاوید بلوانی، سلیم پاریخ، احمد عظیم علوی، احمد ذوالفقار چودھری، محمد طاہر گوریجا سمیت دیگر نمائندگان اور پولیس افسران شریک ہوئے۔

تاجروں نے اجلاس میں کراچی میں مجموعی امن و امان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کوششوں کے باعث صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ سائٹ ایریا میں جرائم کی شرح دیگر علاقوں کے مقابلے میں واضح طور پر کم ہوئی ہے۔

تاہم تاجروں نے ڈکیتی، اسنیچنگ، بینک سے کیش لے جانے والوں کو نشانہ بنانے اور موٹرسائیکل چوری جیسے بعض مسائل کی نشاندہی بھی کی۔ ٹریفک مسائل کے حوالے سے انہوں نے رانگ وے ڈرائیونگ، ہیوی وہیکلز کی فٹنس، تجاوزات اور غیر قانونی بس اڈوں کو سنگین چیلنج قرار دیا۔

اجلاس میں تاجروں نے کہا کہ سائٹ ایریا میں بھتہ خوری کا کوئی باقاعدہ کیس رپورٹ نہیں ہوا، تاہم احتیاطی اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے ڈی آئی جی ٹریفک کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سائٹ ایریا ملک کا اہم صنعتی مرکز ہے اور صنعتی سرگرمیاں ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جرائم کے حوالے سے شکایات موجود تھیں تاہم اب مجموعی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسٹریٹ کرائم کراچی کا بڑا مسئلہ رہا ہے مگر سائٹ ایریا نسبتاً محفوظ ہے۔ ٹریفک مسائل کو ساختی نوعیت کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جدید کیمروں، قانون کے نفاذ اور آگاہی مہم کے باعث بہتری آ رہی ہے جبکہ حادثات میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔

بھتہ خوری کے حوالے سے آئی جی سندھ نے کہا کہ یہ مسئلہ بڑے پیمانے پر موجود نہیں اور جہاں شکایات آئیں وہاں فوری کارروائی کر کے گروہوں کا خاتمہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بھتہ خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 40 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں اور سیف سٹی سسٹم کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ جلد ہی پینک بٹن سسٹم متعارف کرایا جائے گا جس سے شہری فوری مدد حاصل کر سکیں گے۔

آئی جی سندھ نے ہوائی فائرنگ کے خلاف سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ شادیوں میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے ساتھ دلہا اور اہل خانہ کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

آخر میں آئی جی سندھ نے تاجروں کو یقین دلایا کہ پولیس ہر سطح پر ان کے ساتھ رابطے میں ہے اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

One thought on “آئی جی سندھ کا سائٹ ایسوسی ایشن کا دورہ، تاجروں کا امن و امان پر اطمینان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!