گلشنِ اقبال میں غیر قانونی دکانیں مسمار، ایس بی سی اے کا بڑا آپریشن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) — سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) نے شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے گلشنِ اقبال بلاک 5 میں ایک بڑا آپریشن کیا، جس کے دوران پلاٹ نمبر 563 پر قائم غیر قانونی دکانوں کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا۔

Friday, 17th April 2026

ترجمان کے مطابق یہ کارروائی ڈائریکٹر جنرل مزمل حسین ہالیپوٹو کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی، جبکہ آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر ایسٹ سمیع جبلانی نے کی۔ کارروائی میں متعلقہ افسران، بلڈنگ انسپکٹرز اور دیگر عملہ بھی شریک تھا۔

تفصیلات کے مطابق مذکورہ پلاٹ کے گراؤنڈ فلور پر غیر قانونی طور پر قائم دکانوں کے خلاف بھاری مشینری کے ذریعے انہدامی کارروائی کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تعمیرات کے خلاف متعدد شکایات موصول ہو رہی تھیں، جس کے بعد فوری ایکشن لیا گیا۔

ڈی جی ایس بی سی اے مزمل حسین ہالیپوٹو نے واضح کیا کہ کراچی میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیرات کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ مہم وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی ہدایات کے تحت جاری ہے، جنہوں نے شہر بھر میں غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کا حکم دیا ہے۔

ایس بی سی اے حکام کے مطابق اس آپریشن کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا اور کراچی کے دیگر علاقوں میں بھی جلد اسی نوعیت کی کارروائیاں کی جائیں گی تاکہ شہر کو غیر قانونی تعمیرات سے پاک کیا جا سکے۔

One thought on “گلشنِ اقبال میں غیر قانونی دکانیں مسمار، ایس بی سی اے کا بڑا آپریشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!