کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کی مشترکہ منصوبہ بندی کا فیصلہ، کے ایم سی اور واٹر کارپوریشن کا اہم اقدام

کراچی: شہری انفراسٹرکچر کو پائیدار اور مؤثر بنانے کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے تمام جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں کو مشترکہ منصوبہ بندی اور مربوط عملدرآمد کے تحت مکمل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

ڈی آئی جی ویسٹ زون کا زخمی کانسٹیبل اویس خان کی عیادت کے لیے گھر کا دورہ

یہ فیصلہ میئر کراچی و چیئرمین واٹر کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ہیڈ آفس میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جہاں شہر میں غیر مربوط ترقیاتی کاموں کے باعث پیدا ہونے والے مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ مختلف اداروں کے درمیان رابطے کی کمی کے باعث نئی تعمیر شدہ سڑکوں کو واٹر لائنز اور مرمتی کاموں کی وجہ سے نقصان پہنچتا ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

میئر کراچی نے ہدایت کی کہ اب سے کوئی بھی ترقیاتی منصوبہ کے ایم سی اور واٹر کارپوریشن کی پیشگی مشترکہ منصوبہ بندی کے بغیر شروع نہیں کیا جائے گا تاکہ عوامی وسائل کے ضیاع کو روکا جا سکے اور منصوبوں کو دیرپا اور معیاری بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلوان گوٹھ روڈ، طوری بنگش روڈ، سپارکو روڈ، صہبا اختر روڈ، مہرالنسا روڈ، مشن روڈ سمیت دیگر اہم منصوبے دونوں اداروں کے باہمی تعاون سے مکمل کیے جائیں گے۔

میئر کراچی نے شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی کنسلٹنٹ کی خدمات لینے کی ہدایت بھی کی تاکہ بڑے منصوبوں کی آزادانہ نگرانی ممکن ہو سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سڑکوں کی تعمیر سے قبل پانی اور سیوریج لائنوں کی مکمل منصوبہ بندی اور تنصیب ضروری ہوگی، اور خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اجلاس میں کے ایم سی اور واٹر کارپوریشن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور اس اقدام کو شہر کی ترقی کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا۔

2 thoughts on “کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کی مشترکہ منصوبہ بندی کا فیصلہ، کے ایم سی اور واٹر کارپوریشن کا اہم اقدام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!