کراچی: ویسٹ زون پولیس کے اعلیٰ افسران نے زخمی کانسٹیبل اویس خان کی عیادت کے لیے ان کے گھر کا دورہ کیا اور اہلخانہ سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی صحت اور علاج معالجے سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔
امریکا ایران مذاکرات میں پیش رفت، فیصلہ تہران پر چھوڑ دیا گیا: جے ڈی وینس
پریس ریلیز کے مطابق ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان بلوچ، ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان، ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ طارق الٰہی مستوئی اور ویلفیئر افسران نے مشترکہ طور پر کانسٹیبل اویس خان کے گھر جا کر ان کی خیریت دریافت کی۔
اہلکار اویس خان نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں تعینات تھے اور 24 جنوری 2026 کو دوران ڈکیتی فائرنگ کے نتیجے میں سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئے تھے، جنہیں ابتدائی طور پر آغا خان اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا طویل علاج جاری رہا۔
بعد ازاں ڈاکٹروں کی ہدایت پر انہیں گھر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں پولیس ویلفیئر کی جانب سے دو نرسنگ اسٹاف ان کی نگہداشت پر مامور ہیں۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق مکمل صحت یابی کے بعد مزید سرجری متوقع ہے جس کے لیے متعلقہ حکام کو درخواست بھی ارسال کی جا چکی ہے۔
پولیس افسران نے اہلخانہ کو یقین دہانی کرائی کہ محکمہ اپنے زخمی اور فرض شناس اہلکاروں کی مکمل دیکھ بھال اور ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے۔

