کراچی پولیس آفس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان سے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان کی قیادت میں 12 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ اجلاس میں پولیس کے سینئر افسران اور ٹرانسپورٹ اتحاد کے عہدے داروں نے شرکت کی۔
ملاقات میں ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل، شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور کراچی کی اہم شاہراہوں پر مال بردار گاڑیوں کی محفوظ نقل و حرکت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں ڈی آئی جی ایڈمن، زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی سی آئی اے اور ڈی آئی جی ٹریفک بھی موجود تھے۔ وفد میں نثار حسین جعفری، ملک شبر خان، حاجی اشرف نیازی، محمد رمضان، محمد عثمان اور عدیل عباسی سمیت دیگر عہدے دار شامل تھے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے وفد کو مسائل کے حل کے لیے پولیس کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وفد نے پولیس چیف کے مثبت رویے اور تعاون کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔