اسلام آباد: Anti Narcotics Force (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق 9 مختلف کارروائیوں کے دوران 2 خواتین سمیت 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 1 کروڑ 77 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 141.32 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
ایس ایس پی سٹی کا لیاری میں پولیو سینٹرز کا دورہ، سیکیورٹی کا جائزہ
اے این ایف کی جانب سے تعلیمی اداروں کے قریب خصوصی کارروائیوں میں حیدرآباد میں ایک یونیورسٹی کے قریب چھاپہ مار کر ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ ملزم نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرتا تھا۔
دیگر کارروائیوں میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر دمام جانے والے ایک مسافر کے سامان میں مٹھائی کے ڈبوں سے 692 گرام وزنی 4750 زینیکس گولیاں برآمد کی گئیں۔ اسی طرح آبپارہ میں واقع ایک کوریئر آفس میں یوکے جانے والے پارسل سے 30 گرام ہیروئن بھی برآمد کی گئی۔
مزید کارروائیوں کے دوران سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 27 کلوگرام چرس اور 3.6 کلوگرام افیون برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب 2 ملزمان سے 12 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ اسی طرح غازی گھٹ ٹول پلازہ کے قریب ایک ٹرک سے 8 کلوگرام آئس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
چونگی نمبر 26 اسلام آباد کے قریب ایک اور کارروائی میں گاڑی سے 6 کلوگرام چرس برآمد کرتے ہوئے 2 خواتین سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ موٹر وے ٹول پلازہ پشاور کے قریب ایک مسافر سے 2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ علاوہ ازیں زیارت کراس کوئٹہ کے قریب ایک گاڑی سے 80 کلوگرام افیون بھی برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے تحت گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ملک بھر میں منشیات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔

