کراچی: ناظم آباد پاپوش کے علاقے میں شارٹ سرکٹ کے باعث ایک اسکول وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر جل گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعے کے دوران خوش قسمتی سے وین میں سوار تمام بچے محفوظ رہے۔
اے این ایف کا ملک بھر میں کریک ڈاؤن، 141 کلو سے زائد منشیات برآمد
تفصیلات کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسکول وین معمول کے مطابق بچوں کو لے جا رہی تھی کہ اچانک شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ آگ نے چند ہی لمحوں میں پوری وین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ بجھانے کی کوشش کے دوران وین کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا، جس کا ہاتھ جھلس گیا۔ اسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے بروقت موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا، تاہم اس دوران اسکول وین مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئی۔ آگ کی شدت کے باعث قریب کھڑی ایک اور گاڑی کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔
حکام کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ شارٹ سرکٹ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔

