کراچی: نادرن بائی پاس پر قائم مویشی منڈی میں عیدالاضحیٰ سے قبل سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، جہاں گولڈن اور سفائر بلاکس کو باقاعدہ طور پر بیوپاریوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ بلاکس کے افتتاح کے بعد مختلف شہروں سے آنے والے بیوپاریوں کی بڑی تعداد بکنگ کے لیے ایڈمنسٹریشن بلاک پہنچ گئی، جہاں پلاٹس کے حصول کے لیے دن رات رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
گل پلازہ آتشزدگی رپورٹ پر کمیٹی قائم
ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی کے مطابق عوام دوست مویشی منڈی کے تمام بلاکس کی زمین کو ہموار کر دیا گیا ہے اور بیوپاریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ لاڑکانہ، کشمور، نوشہروفیروز، کنڈیارو، نواب شاہ اور کراچی کے مختلف علاقوں سے بیوپاری بڑی تعداد میں منڈی کا رخ کر رہے ہیں۔
بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ نادرن بائی پاس کی یہ مویشی منڈی ایشیاء کی سب سے بڑی منڈیوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں ہر سال ہزاروں جانور لائے جاتے ہیں۔ کشمور سے آنے والے ایک بیوپاری نے بتایا کہ وہ گزشتہ 20 سال سے یہاں قربانی کے جانور لاتے آ رہے ہیں۔
اسی طرح کنڈیارو کے بیوپاری نصیر احمد نے 400 جانوروں کے لیے تین پلاٹس بک کرانے کا بتایا، جبکہ گڈاپ کے امان اللہ اور نوشہروفیروز کے آصف قریشی بھی سینکڑوں جانوروں کے لیے پلاٹس حاصل کرنے منڈی پہنچے۔
انتظامیہ کے مطابق منڈی میں صفائی، سیکیورٹی، پانی اور دیگر سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ بیوپاریوں اور خریداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
