کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان کسٹمز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک مسافر سے بڑی مقدار میں سونے کے زیورات، گولڈ بارز اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی ہے۔ کسٹمز حکام کے مطابق مسافر نجی ایئرلائن کے ذریعے ابوظہبی سے کراچی پہنچا تھا اور اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ سفر کر رہا تھا۔
ملیر پولیس کی کارروائی، لوہے و اسکریپ چور گرفتار
مسافر کے ہینڈ کیری بیگز اور سامان کو تفصیلی جانچ کے لیے ریڈ چینل کی طرف بھیجا گیا۔ اسکیننگ کے دوران سونے کے زیورات اور غیر ملکی کرنسی کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی۔ تلاشی کے دوران برآمد سامان میں 281 تولہ سونے کے زیورات، 10 تولے کے دو گولڈ بارز، 33,100 امریکی ڈالر اور 366,000 درہم شامل تھے، جن کی مارکیٹ مالیت تقریباً 190 ملین پاکستانی روپے ہے۔
کسٹمز حکام نے برآمد شدہ سامان کو ضبط کر کے مسافر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ کارروائی کسٹمز کی نگرانی اور مسافر کے سامان کی اسکیننگ کے موثر نظام کی کامیابی کا ثبوت ہے۔
