کراچی (08 اپریل 2026) – نادرن بائی پاس پر قائم عوام دوست مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی آمد میں تیزی آ گئی ہے، جہاں ملک کے مختلف شہروں سے بیوپاریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی کے مطابق سبی اور جیکب آباد سے مزید دو ٹرک منڈی پہنچ گئے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 44 قربانی کے جانور لائے گئے ہیں۔
عالمی میڈیا نے پاکستان کی سفارتکاری کو سراہا
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے سبی سے بیوپاری عرض محمد ایک بڑے ہیوی ٹرالر کے ذریعے 21 مختلف رنگ و نسل کے صحت مند اور بھاری بھرکم جانور لے کر عوام دوست منڈی پہنچا، جنہوں نے آتے ہی منڈی کی رونق میں اضافہ کر دیا۔ بیوپاری عرض محمد کا کہنا تھا کہ اس بار منڈی کے انتظامات پہلے کے مقابلے میں کہیں بہتر ہیں، اور انہیں اپنی مرضی کے مطابق جگہ منتخب کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
دوسری جانب جیکب آباد سے بیوپاری رضا محمد بھی 33 خوبصورت قربانی کے جانور لے کر منڈی پہنچا۔ انہوں نے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ منڈی میں داخل ہوتے ہی عملہ ان کی مدد کے لیے موجود تھا اور تمام سہولیات فوری فراہم کی گئیں، جس سے بیوپاریوں کو خاصی سہولت ملی ہے۔
ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی کا کہنا ہے کہ منڈی میں آنے والے بیوپاریوں اور جانوروں کے لیے پانی، چارہ اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، جبکہ ہر بلاک میں عملہ تعینات ہے تاکہ کسی کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شہری بھی بڑی تعداد میں روزانہ منڈی کا رخ کر رہے ہیں اور فیملیز کے ساتھ آ کر قربانی کے جانور دیکھنے میں دلچسپی لے رہے ہیں، جس سے منڈی کا ماحول ایک تفریحی مقام کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
